02/08/12

kal ho na ho

ہمارے ماضی کی یادیں اور ہمارے مستقبل کی فکر ہمارا آج برباد کرتی رہتی ہیں اور ہم اپنے آج سے کماحقہ فائدہ نہیں اٹھا سکتے ،اس لیے چاہیے یہ کہ ہم آج جی بھر کے جی لیں کیونکہ جب ہمارا کل آئے گا ہمارا آج ہمارا ماضی ہوگا اور اگر ہم نے اپنا آج خوبصورت کر لیاتو مستقبل جیسا بھی ہوگا ہمارے ماضی کی یادیں اتنی خوبصورت ہوں گی کہ ہمیں اس دن کا دکھ بھول جائے گا ، چھوٹی چھوٹی خواہشوں کو اگر دبا دیں تو وہ حسرت بن جاتی ہیں اور حسرتیں بڑی قیامت خیز ہوتی ہیں اس لئے جو چیز آج آپ کو ابھی لگ رہی ہے اگر وہ آسانی سے دستیاب ہے تو اسے ہاتھ بڑھا کر حاصل کرلیں آج اگر آپ کو آئس کریم کی طلب ہے تو موسم کی فکر نہ کریں اسے آج ہی لے لیں ، اگر آج آپ کو کوئی اچھا لگا ہے تو اسے آج ہی کہہ دیں ، اگر آج کسی کی آواز آپ کی دھڑکنوں میں تغیر پیدا کر دیتی ہے تو اسے بتا دیں کل شاید اسی کی آواز آپ کو اچھی نہ لگے اگر آج کسی کی مسکراہٹ سحرآفرین لگتی ہے تو اسے بتا دیں شاید کل اسکی تقدیر کے دکھ اس کے ہونٹوں سے مسکراہٹ چھین لین اگر آج کوئی آنکھوں سے ہنستا ہے اور اس کی آنکھیں آپ کو مدہوش کرتی ہیں اگر آج کسی کی گالوں میں ہنستے ہنستے ہلکے سے گھڑے پڑ جاتے ہیں اور وہ آپ کو گھائل کرتے ہیں تو اسے بتا دیں اگر آج ہسپتال میں کوئی نرس آپ کو سہارا دیتا ہے اور اس کے انداز میں آپکو ہمدردی نظر آتی ہے تو اس کا شکریہ ادا کردیں اگر آج کسی کی بات آپ کو ڈھارس دیتی ہے اگر آپ کا مخاطب بات کرتے کرتے آپ سے التفات کا اظہار کرتا ہے تو آج اس کا شکریہ ادا کردیں اگر آج رستہ بھول گئے ہیں اور کوئی آپ کو راستے پہ ڈال گیا ہے تو اس کا احسان مان لے ہوسکتا ہے کل کسی کی آنکھوں میں وہ مسکان نہ رہے ، کسی کے گالوں میں رہ ہلکے سے گھڑے نہ رہیں ، آج جس کے بالو ں کا کلر آپ کو پسند آگیا ہے ہوسکتا ہے کل وہ اپنی جاذبیت کھو دیں ، آج جس کی آنکھوں کی چمک آپ کو خیرہ کر دیتی ہے قسمت کے اندھیرے اس کی آنکھوں میں اداسی کی تاریکیاں پھیلا دیں اگر آج خدا نے آپ پر طاقت ،حسن اور شباب کے دروازے کھولے ہوئے تو اس کا شکر بھی آج ہی ادا کرلیں کہ بڑھاپے میں کمزوری و ناتوانی میں اس کے آگے جھکنے میں شکرانہ نہیں مجبوری ہوگی سو جو کرنا ہے وہ آج کردیں کل کا کیا بھروسہ کل ہونہ ہو اور آپ کی خواہشیں حسرت بن کر ساری زندگی آپ کو بے چین کرتی رہیں اور آپ خود سے کہتے رہیں کاش میں اسے روک لیتا ، کاش میں اسے کہہ لیتا

0 commenti: